لکھنؤ،21؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی)بالی ووڈ کی مشہور سنگر کنیکا کپور کا کورونا وائرس کے ٹسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ،دہلی اور ممبئی میں افرا تفری مچ گئی ہے- اور یو پی حکومت حرکت میں آگئی ہے-
وزیر اعلیٰ یوگی نے کہاکہ ان تمام لوگوں کی جانچ ہوگی جن کی ملاقات اداکارہ سے ہوئی تھی- اور ساتھ ہی وائرس چھپانے کی وجہ سے اس سے پوچھ گچھ بھی ہوگی-
بتایا جارہا ہے کہ لندن سے آنے کے بعد کنیکا کپور سابق ممبر پارلیمان اکبر احمد ڈمپی کی ڈالی باغ میں واقع رہائش گاہ پر ایک ہائی پروفائل پارٹی میں شریک ہوئی تھیں - اس پارٹی میں 100 سے زیادہ اہم شخصیات شامل تھیں، جس میں کئی بڑے سیاستداں، نوکر شاہ اور جج بھی شامل تھے-
کنیکا کے ٹسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد راجستھان کی سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا ہے- وہیں دشینت سنگھ نے بھی اپنا کورونا ٹسٹ کروایا ہے، جو ابھی منفی آیا ہے-
علاوہ ازیں جتن پرساد بھی آئیسولیشن میں چلے گئے ہیں - پارٹی میں شامل سبھی لوگوں کو بھی آئیسولیشن میں رکھنے کی بات سامنے آرہی ہے-
وسندھرا راجے نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ کچھ دنوں پہلے دشینت اور ان کے سسرال والوں کے ساتھ میں لکھنؤ میں ایک ڈنر پر گئی تھی-
کنیکا کپور، جو کووڈ 19 متاثرہ پائی گئی ہیں، وہ بھی اس ڈنر میں بطور مہمان موجود تھیں - احتیاط کے طور پر میں اور دشینت سیلف آئیسولیشن میں ہیں اور ہم سبھی ضروری ہدایات پر عمل کررہے ہیں -